بھارتی ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی کورونا وائرس کی نئی اور خطرناک قسم اومی کرون کا شکار ہوگئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتیحی کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ ڈاکٹرز کی زیر نگرانی قرنطینہ میں ہیں۔ اداکارہ نے لوگوں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے۔
نورا کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نورا 28 دسمبر کو کورونا وائرس کا شکار ہوئیں اور اس وقت کو قرنطینہ میں ہیں۔ اداکارہ نورا فتیحی نے بھی انسٹا اسٹوری میں اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا کی وجہ سے بستر پر پڑی ہیں۔
انہوں نے تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی کیونکہ وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر ایک کو مختلف انداز میں متاثر کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ نورا فتیحی کے کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون میں مبتلا ہونے کی خبر بھارتی میڈیا میں چلائی جا رہی ہے، تاہم نورا اور ان کے ترجمان کی جانب سے صرف ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا میں اداکارہ کرینہ کپور اور ان کی دوست اداکارہ امریتا اروڑا بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں تاہم اب وہ صحت یاب ہیں۔ خیال رہے 200 کروڑ بھارتی روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں نام آنے کے بعد اداکارہ، ماڈل اور ڈانسر نورا فتیحی بھارت میں شہ سرخیوں میں ہیں۔ منی لانڈرنگ کا مرکزی ملزم نورا فتحی کو مہنگے تحائف دیتا تھا جس کے بعد بھارت کے محکمہ انفورسمنٹ نے اداکارہ کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔
نورا اس وقت بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ڈانسر ہیں اور ساتھ ہی وہ سب سے زیادہ انکم ٹیکس ادا کرنے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ سال 2020 میں نورا کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.5 ملین ڈالر تھی جو اب دگنی ہو کر 3 ملین ڈالر یعنی 53 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔