Skip to content

کیا ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ میں اداکاری کریں گے؟

معروف اداکار ہمایوں سعید سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ برطانوی شاہی خاندان پر بنے اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے شو ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں اداکاری کریں گے۔

گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر یہ افواہیں تھیں کہ اداکار فواد خان، ’دی کراؤن‘ میں شہزادی ڈیانا کے مقابل ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کریں گے۔تاہم گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ہمایوں سعید کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوا کہ وہ ’دی کراؤن‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔

فلمساز حسن زیدی نے ٹوئٹ کی کہ ہمایوں سعید نیٹ فلکس کے شو ’دی کراؤن‘ میں اداکاری کریں گے، وہ ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے جو لیڈی ڈیانا کے قریبی دوست تھے۔ان کے علاوہ اداکار ماہرہ خان اور واسع چوہدری نے بھی ٹوئٹس میں ہمایوں سعید کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

ماہرہ خان نے ٹوئٹ کی کہ ’آخرکار یہ بات سامنے آ ہی گئی، مجھے بہت فخر ہے اور میں پُرجوش ہوں، اس شو کی اور اس اسٹار کی کیا ہی بات ہے‘۔واسع چوہدری نے لکھا کہ ہمایوں سعید پاکستان کی سب سے زیادہ ہِٹ ہونے والوں فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ اور سب سے زیادہ ریٹنگ والے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کے ہیرو رہ چکے ہیں، وہ پاکستان میں مقیم پہلے اداکار بن گئے ہیں جو ایک نیٹ فلکس اوریجنل شو میں نظر آئیں گے، ’ ہور کوئی ہمایوں سعید لائق خدمت؟‘

تاہم نیٹ فلکس یا ہمایوں سعید کی جانب سے تاحال ان اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی البتہ ورائٹی کی رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کا حصہ بن گئے ہیں۔
ہمایوں سعید وہ پہلے پاکستانی اداکار ہوں گے جو نیٹ فلکس کی کسی بھی سیریز میں کام کریں گے۔
برطانوی شاہی خاندان کے تاریخی واقعات پر مبنی سیریز ’دی کراؤن‘ کا پانچواں سیزن سال 2022 میں پیش ہونے کا امکان ہے۔

ابتدائی 4 سیزن میں ایما کورن نے شہزادی ڈیانا کا کردار ادا کیا تھا اور کافی پذیرائی حاصل کی تھی لیکن پانچویں سیزن میں پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا کا کردار آسٹریلوی اداکارہ الیزابتھ ڈیبیکی ادا کریں گی جنہیں ’بہترین ڈرامے‘ کے لیے ایمی اور گولڈن گلوب ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔
نیٹ فلکس کی اس سیریز میں ملکہ الزبتھ دوم اور ان کے دورِ حکومت کے سیاسی اور ذاتی واقعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اس سیریز میں شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے اختتام کو موضوع بنایا گیا ہے وہیں 1997 میں کار حادثے میں ڈیانا کی موت بھی اس کا حصہ ہے اور ہوسکتا ہے کہ پانچواں سیزن اس سیریز کا آخری سیزن ہو۔شو کے نئے سیزن میں 1990 اور 2000 کی دہائیوں کے دوران شاہی خاندان کے افراد کے حالاتِ زندگی دکھائے جائیں گے۔

اداکار ہمایوں سعید نے فلم ’انتہا‘ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا اور وہ فلم اور ٹی وی دونوں ہپی میں اپنی اداکاری کا لوہا منواچکے ہیں۔انہوں نے ’جوانی پھر نہیں آنی‘ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں بھی کام کیا، متعدد ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جبکہ مختلف پراجیکٹس بھی پروڈیوس کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر حسنات خان کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ برطانوی ہارٹ سرجن ہیں جو لندن کے کئی ہسپتالوں میں کام کر چکے ہیں۔

شہزادی ڈیانا سے ان کی پہلی ملاقات لندن کے رائل برمپٹن ہسپتال میں ہوئی تھی۔سال 2004 میں ڈاکٹر حسنات نے ایک بیان ریکارڈ کرایا تھا جو بعدازاں 2008 میں ڈیانا کی موت کی انکوئری کرنے والی تحقیقاتی جیوری کو جمع کرایا گیا تھا۔

بیان میں انہوں نے شہزادی ڈیانا سے تعلق کا اعتراف کیا تھا تاہم ڈوڈی الفائد سے ڈیانا کی ملاقات کے بعد دونوں نے راہیں جدا کرلی تھی۔ڈاکٹر حسنات خان کو ایک حادثے میں اپنے مصری دوست کے ساتھ ہلاک ہو جانے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’محبت‘ قرار دیا جاتا ہے، اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ انہیں ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔

%d bloggers like this: